کابل: افغانستان پر طالبان کی حکومت کے بعد بھارت نے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کردیا اور سفارتی عملے کو واپس بلالیا۔
بھارتی طیارہ 120 افراد کو کو لے کر کابل سے نئی دہلی کیلیے روانہ ہوگیا، بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق افغانستان کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا سی 17 طیارہ کابل ایئر پورٹ سے 120 بھارتی شہریوں کو لے کر دہلی روانہ ہوا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی طیارہ امریکی افواج کی جانب سے فراہم کردہ سیکورٹی حصار میں اپنے شہریوں کو کابل سے لیکر روانہ ہوگیا۔
اس سے قبل افغانستان کے مختلف علاقوں میں پھنسے بھارتی شہریوں کو کابل ائیرپورٹ لایا گیا تھا۔
بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر ملک میں پھنسے بھارتی شہریوں کی واپسی کے لیے الیکٹرانک ویزا متعارف کروا رہے ہیں جس سے ویزا درخواستوں کو تیزی سے نمٹایا جائے گا۔






