کاسرگوڈ،کیرالہ،ملت ٹائمز (شاہنواز ناظمی )
مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے سابق رکن حامد علی شمناد کاایک پرائیویٹ اسپتال میں طویل علالت کے بعد کل شام انتقال ہوگیا۔انہیں ایک ہفتے پہلے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ 87برس کے تھے ۔ان کے پسماندگان میں تین بیٹیاں ہیں اور ان کی اہلیہ ام الحلیمہ کا انتقال دو سال پہلے ہی ہوچکا ہے ۔وہ 79-1971کے درمیان ایوان بالا کے رکن رہے ۔شمناد نے 1960میں ٹاپ کمیونسٹ لیڈر سی ایچ کرانن کو ہراکر ریاستی اسمبلی میں ناداپورم کی نمائندگی بھی کی تھی۔اس کے علاوہ وہ کاسرگوڈ میونسپل کے چیئرمین ،کیرالہ پبلک سروس کمیشن کے رکن اور دیہی ترقیاتی بورڈکے چیئرمین سمیت مختلف عہدوں پر فائز رہے ۔کیرالہ کے سابق وزیراعلی اومن چنڈی،سابق مرکزی وزیر اور جنتا دل یونائیٹیڈ کے ریاستی صدر ایم پی ویریندر کمار،اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈررمیش چینی تھالا،کیرالہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر وی ایم سدھیرن کے علاوہ متعدد رہنماؤں نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔