جعلی کرنسی کے ساتھ دو افراد گرفتار، خفیہ محکمہ مستعد دیوبند کے گاؤں تھیتکی کاواقعہ ،جعلی کرنسی میں تمام نوٹ دو دو ہزارکے

دیوبند،8؍دسمبر(سمیر چودھری)
دو ہزار روپیہ کی جعلی کرنسی کے ساتھ گرفتار کئے گئے لوگوں کی نشاندہی پر مظفرنگر پولیس نے دیوبند علاقہ کے گاؤں تھیتکی میں چھاپہ ماری کرکے گروہ سے منسلک دو افراد کو گرفتار کیاہے۔ اس کارروائی کے بعد خفیہ محکمہ پر مستعد ہوگیا، ملزمان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ مظفرنگر کے تھانہ ککرولی پولیس نے گزشتہ روز کچھ لوگوں کو جعلی کرنسی کیساتھ گرفتار کیاتھا،پولیس نے ان کے پاس سے پچاس ہزارروپیہ کی جعلی کرنسی برآمد کی ہے۔ جس میں تمام جعلی نوٹ دو دو ہزار روپیہ کے ہیں۔ گرفتار کئے گئے لوگوں سے پوچھ تاچھ کرنے کے بعد مظفرنگر پولیس نے گزشتہ دیر رات دیوبند پولیس سے رابطہ کیااور مشترکہ ٹیم بناکر علاقہ کے گاؤں تھیتکی میں چھاپہ ماری کی ،جہاں سے پولیس نے عثمان اور جاوید نام کے نوجوانوں کو گرفتار کیاہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے دونوں لوگ جعلی نوٹ تیار کرنے والے گرودہ کے رکن ہیں۔ کوتوال چمن سنگھ چاوڑا نے بتایاکہ تھانہ ککرولی پولیس نے جعلی نوٹوں کے ساتھ پورے گینگ کو گرفت میں لیاہے۔ جس کی نشاندہی پر چھاپہ مار ی کی گئی اور تھتیکی کے دو نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا۔ ادھر ککرولی تھانہ انچارج نے بھی گینگ کے گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے لیکن ان کے بارے مزید معلومات دینے سے منع کردیا۔ ان کاکہناہے کہ ابھی معاملہ کی جانچ چل رہی ہے اسلئے کچھ کہنا ممکن نہیں ،وہیں گاؤں تھیتکی سے دولوگوں کی گرفتار کے بعد خفیہ محکمہ کے بھی کان کھڑے ہوگئے ہیں۔

SHARE