ریاض: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے اتوار کے روز تمام ہوائی اڈوں کو اپنے ہاں پروازیں پوری صلاحیت اور گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق مملکت کی وزارتِ داخلہ نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید سخت احتیاطی اقدامات میں نرمی کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت داخلہ نےاعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں اجتماعات کی بھی اجازت ہوگی اور جن لوگوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں، انھیں لازمی ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اتوار کے روز مکہ مکرمہ میں واقع المسجدالحرام پوری گنجائش کے ساتھ کام کر رہی تھی اور فرزندانِ توحید کی بڑی تعداد نے کرونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کندھے سے کندھا ملا کر نمازِ فجرادا کی ہے اور وہ باقی نمازوں کے لیے اس مقدس مسجد کا رُخ کررہے تھے۔
دریں اثناء ایس پی اے کی اطلاع کے مطابق مملکت کی وزارت کھیل نے اعلان کیا ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے زائرین کو کھیل کے تمام میدانوں اور سہولیات میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی کیونکہ انھیں پوری گنجائش کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔