جلوس میں ملٹری ہائی اسکول کے طلباء نے آذربائیجان کا 440 میٹر طویل پرچم اٹھا رکھا تھا جو کہ 44 روزہ جنگ کا حوالہ دیتا ہے
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں قاراباغ کی فتح کی پہلی سالانہ یاد کے موقع پر ایک جلوس نکالا گیا۔
“یوم فتح” کی تقریبات کے دائرہ کار میں ازنیفٹ اسکوائر سے شروع ہونے والے پیدل مارچ میں ، ملٹری ہائی اسکول کے طلباء، بارڈر سروسز کمانڈ کے گھڑ سوار دستے، قاراباغ جنگ کے غازیوں اور شہریوں نے حصہ لیا ۔
ملٹری بینڈ کے مارچ کے ساتھ شروع ہونے والے جلوس میں ملٹری ہائی اسکول کے طلباء نے آذربائیجان کا 440 میٹر طویل پرچم اٹھا رکھا تھا جو کہ 44 روزہ جنگ کا حوالہ دیتا ہے۔
شہری آذربائیجان اور ترکی کےپرچموں کو لہراتے ہوئے ، “قاراباغ آذربائیجان کا ہے” نعرے لگا رہے تھے ۔
ہزاروں افراد کے شریک ہونے والا یہ جلوس باکو کے “مال غنیمت عجائب خانے ” پر اختتام پذیر ہوا، جہاں آرمینیائی فوج سے چھینے گئے کچھ ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں کی نمائش کی گئی۔
یاد رہے کہ آج سے ایک سال قبل آذربائیجانی فوج نےقاراباغ کے علامتی شہر شوشا کو قبضے سے آزاد کرایا تھا۔
27 ستمبر 2020 کو شروع کیا گیا جوابی حملہ 44 دن تک جاری رہا جس کے دوران 300 سے زائد بستیوں کو قبضے سے آزاد کرایا گیا۔ شوشا میں آذربائیجانی فوج کا داخلہ آرمینیائی فوج کے ہار ماننے کا سبب بنا اور آرمینیا نے 10 نومبر 2020 کو ایک اعلامیہ پر دستخط کرتے ہوئے اپنی شکست کو تسلیم کر لیا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی یف نے 8 نومبر کو شوشا کی آزادی کی تاریخ کو “یوم فتح” قرار دیا، چونکہ جنگ کے خاتمے کی تاریخ 10 نومبر ، مصطفی کمال اتاترک کی تاریخ وفات تھی۔