اپنے بچے اور بچیوں کو حافظ قرآن بنائیں: مفتی جنید مدرسہ اسلامیہ عربیہ بہلول پور کا جشن دستار بندی اختتام پذیر ، کثیر تعداد میں لوگوں نے کی شرکت

موتیہاری: (فضل المبین)  ضلع کے ڈھاکہ حلقہ کے بہلول پور گاؤں میں واقع مدرسہ اسلامیہ عربیہ کے زیر اہتمام یک روزہ عظیم الشان اجلاس عام و جشن دستار بندی نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کرتے ہوئے دینی حمیت و بیداری کا ثبوت دیا ۔

اس موقع پر اجلاس کے مہمان خصوصی ، معہد الدراسات العلیا ہارون نگر پٹنہ کے صدر مفتی و دارالعلوم الاسلامیہ مجھولیا کے سیکریٹری مفتی محمد جنید عالم ندوی قاسمی نے تفصیلی خطاب فرمایا ۔

انہوں نے کہا کہ: قرآن مجید جہاں انسانوں کے لئے ہدایت کا اہم ترین ذریعہ ،رشد وہدایت کا پیغام ،کامیابی کا زینہ ہے وہیں اس کا پڑھنا ،یاد کرنا ، سینہ میں محفوظ کرنا اور زبان سے اس کا ورد کرتے رہنا اہم ترین عبادت بلکہ اجر عظیم اور بلندیٔ درجات کا ذریعہ بھی ہے ،احادیث مبارکہ میں قرآن مجید پڑھنے ،یاد رکھنے اور اس پر عمل کرنے والوں کو آخرت کے جو انعامات اور خوشخبریاں سنائی گئیں ہیں جسے سن کر سچے ہر صاحب ایمان کا دل مچل جاتا ہے۔

انہوں نے موجود عوام سے اپنے ایک بیٹا کو حافظ قرآن بنانے پر زور دیا اور جن کے پاس اولاد نہیں ہیں وہ کسی بھی غریب کے بچے کو حافظ بنانے کا ذمّہ اپنے اوپر لیکر اللّہ کے قرب حاصل کریں ۔

اجلاس سے ڈھاکہ جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا نذر المبین ندوی ، قاضی شریعت مولانا اطہر جاوید قاسمی ، جمعیت علماء سکرہنا کے صدر مولانا امان اللہ مظاہری نے خطاب کیا ۔

اجلاس کی صدارت مولانا مولانا اظہار الحق قاسمی ناظم مدرسہ اسلامیہ اشرف العلوم کنواں نے کی اور انہیں کی دعاؤں پر پروگرام کا اختتام بھی ہوا جبکہ نظامت کے فرائض کو مدرسہ احیاء العلوم ٹولہ پور چریا کے استاذ مولانا عبد اللہ مظاہری نے انجام دیا ۔

اجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں مدرسہ اسلامیہ عربیہ بہلول کے مدرسین ، ملازمین ، معاونین اور محسنین بالخصوص باشندگان بستی نے نمایاں کردار ادا کیا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com