ملک کے تحفظ کے لئے پیار و محبت اور اتحاد و امن کے دامن کو مضبوطی سے تھامیے
جمعیۃ علماء ہند کے زیراہتمام منعقد جشن جمہوریہ کے اجلاس میں مولانا سید ارشد مدنی کا خطاب
دیوبند(ملت ٹائمز۔سمیر چودھری)
جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہاکہ جمہوریت کے بغیر اس ملک میں کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا، چونکہ پیار و محبت کی تاریخ سب سے بڑی ہمارے ملک ہندوستان ہی کی ہے کہ جس میں ہم صدیوں سے ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو کر کے زندگی گزار رہے ہیں، لیکن ملک کی آزادی کے بعد سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اس وقت فرقہ پرست طاقتیں اقتدار تک پہنچ گئی۔مولانا سید ارشد مدنی گزشتہ روز یہاں محلہ بڑھ ضیاء الحق پر جمعیۃ علماء شہر دیوبند کی زیر اہتمام منعقد اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ یومِ جمہوریہ درحقیقت ہمارے ملک کی ہم آہنگی کے اصول کا سب سے اہم دن ہے، یہ دن یہ پیغام دیتا ہے کہ اس ملک کی سالمیت صرف باہمی پیار و محبت ہی پر ہے اور تمام مذاہب آپسی بھائی چارہ کا درس دیتے ہیں لیکن اسلام کی بنیادہی انسانیت پر ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر کچھ شر پسند عناصر اپنی کرسی کے لئے مذہبی نفرت پھیلانے میں مسلسل کوششیں کئے جارہے ہیں اور ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں فرقہ واریت پھیلا کر کے حکومت کرنا چاہتے ہیں ایسے لوگوں کو حکومت حاصل کرنے کے لئے چاہے کسی کا نا حق خون بہانا پڑے یا کسی انسان کو بلا وجہ قتل غارت گری میں مبتلا کرنا پڑے یا صرف الزام کی بنیاد پر دہشت گرد بنا کر کے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالنا پڑے یہ فرقہ پرست لوگ کبھی بھی ملک کے اندر بد امنی پھیلانے کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں، لیکن آج کا یہ اجلاس یومِ جمہوریہ اپنی تاریخ کا بہت ہی بہترین اجلاس ہے جس کے اندر ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی ایک ہی اسٹیج پر آپ لوگوں کو دکھائی دے رہے ہیں، او ر پورے ملک میں یہ پیغام جا رہا ہے کہ ہندوستان کے ہوش مند اور سمجھدار لوگ کبھی بھی نفرت کا زہر نہیں پھیلانا چاہتے ہیں، مولانا مدنی نے فرمایا کہ اس وقت یوپی کا الیکشن قریب ہے اگر جمعیۃ علماء کے اس اسٹیج کے اتحاد کو یوپی اور پورے ملک کے لوگوں نے نہ سمجھا تو خدا نہ کرے کہ اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب مٹ جائے اور فرقہ پرست اپنی آگ لگانے میں کامیاب ہو جائیں، اس لئے میں تمام لوگوں کو یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو پیار و محبت اور اتحاد و امن کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ مولانا نے اجلاس یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام اہل شہر دیوبند اور جمعیۃ علماء دیوبند کو مبارکبادی دیتے ہوئے کہاکہ کہ اگر آپ کی یہ محنت چلتی رہی تو انشاء اللہ ملک ہمیشہ سے ہمیشہ ترقی ہی کرتا رہے گا۔ اس موقع پر درجہ حاصل وزیر مملکت ہلاش رائے سنگھل، صدر آل انڈیا ویاپار منڈل نے بھی خطاب کیا اور سیٹھ کلدیپ نے اجلاس یومِ جمہوریہ کے اتحاد پربہت ہی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مدنی اور جمعیۃ علمائے ہند کی ملک کے لئے امن کی کوششوں کو سراہا۔آخر میں مفتی خادم الاسلام قاسمی نے تمام اراکین جمعیۃ علماء شہر دیوبند، اہلیان شہر دیوبند کا اجلاس کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازاں آغاز دارالعلوم دیوبند کے استاذ تجوید و قرأت مولانا قاری اقرار احمد بجنوری کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جب کہ ترانۂ ہندی دارالعلوم دیوبند کے طلبہ نے پیش کیا اور ا نظامت مفتی خادم الاسلام نے کی۔ خصوصی شرکاء میں قاری سید فخر الدین صدر جمعیۃ علماء شہر دیوبند، مولانا قمر الدین شیخ الحدیث ثانی دارالعلوم دیوبند،حاجی محمد یاسین انصاری ، مولانا مسعود اشرف قریشی، مفتی سید امجد مدنی ، مولانا قاری محمد فوزان،مولانا محمد سمیع اللہ دارالعلوم زکریا، سردار بالندر سنگھ، مفتی محمد اخلاق، حاجی محمد نسیم ، مولانا محمد مسر ور قاسمی، ڈاکٹر ڈی کے جین، ایوب بیگ ، ڈاکٹر محمد نعیم، ڈاکٹر محمد یوسف کے علاوہ کثیر تعداد میں شہرکے لوگوں نے شرکت کی۔