امریکی عدلیہ کے فیصلے کا خیر مقدم،پیرسے حسب معمول مہاجرین کی آمد ورفت ہوجائے گی شروع

واشنگٹن (ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
امریکہ کی ایک عدالت نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے سات مسلم ممالک کے لوگوں کے امریکہ میں داخل ہونے پر روک لگائے جانے کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے جس کے بعد پناہ گزینوں کے امریکہ آنے کا راستہ کھل گیا ہے ۔امریکی انتظامیہ کے حکم کے معطل ہونے کے بعد پیر سے پناہ گزین امریکہ آ سکیں گے ۔امریکہ کے محکمہ خارجہ کے اہلکار نے بتایا کہ پناہ گزین عام طور پر ہفتے کے آخر میں نہیں آتے ، انہیں امید ہے کہ کل سے پناہ گزینوں کا آنا شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے پناہ گزینوں کو سخت سیکورٹی سے گزرنا پڑے گا۔ پناہ گزینوں کے علاوہ جن سات ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخل ہونے پر روک لگی تھی وہاں کے شہری بھی یہاں آ سکیں گے شرط یہ ہے کہ ان کے پاس جائز ویزا ہونا چاہیے ۔ افسر نے کہا، ” جن لوگوں نے ابھی اپنے ویزا منسوخ نہیں کروائے ہیں اب وہ امریکہ کا دورہ کر سکتے ہیں بشرطیکہ ان کا ویزا دوسری طرح سے جائز ہو۔ ”مسٹر ٹرمپ کے متنازعہ انتظامی حکم کے تحت ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے لوگوں کے امریکہ میں داخل ہونے پر کم از کم 90 دنوں تک کے لئے روک لگادی گئی تھی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والے اداروں نے خوشی ظاہر کی ہے ۔اقوام متحدہ کی ایک ترجمان لیونارڈ ڈوئل نے کہا کہ تقریبا دو ہزار پناہ گزین امریکہ کا سفر کرنے کے لئے تیار ہیں۔