اقوام متحدہ سمیت 18 عالمی تنظیموں کا فلسطین میں فوری سیز فائز کا مطالبہ November

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے گروپوں سمیت 18 عالمی تنظیموں نے فلسطین میں فوری سیز فائر کا مطالبہ کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کےمطابق اقوام متحدہ اور اس کے علاوہ دیگر انسانی حقوق کی 18 عالمی تنظیموں کے سربراہان نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں انسانی بنیادوں پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انٹر ایجنسی اسٹینڈنگ کمیٹی کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے پر 18 تنظیموں کے سربراہان نے دستخط کیے جس میں کہا گیا ہےکہ بہت ہوگیا اب اسے ہر صورت رکنا چاہیے۔ مشترکہ اعلامیے میں 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کو بھی مسترد کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عام شہریوں کا قتل سفاکیت ہے، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 2.2 ملین فلسطینی محصور ہیں جہاں غذا، پانی، ادویات، بجلی اور ایندھن تک میسر نہیں جب کہ گھروں، پناہ گاہوں، عبادت گاہوں اور اسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے جا ناقابل قبول ہے۔

دوسری جانب اتوار کے روز حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی کے اطراف شدید بمباری کی جس میں کئی اسپتالوں پر بھی بم برسائے گئے جب کہ مواصلاتی نظام بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ اسرائیل کی غزہ سمیت دیگر فلسطینی علاقوں پربمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 9500 ہوگئی ہے جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی بھی شامل ہے جب کہ 23 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

(یو این آئی)

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com