کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں موجود آر جے شاپنگ مال میں آگ لگنے کے باعث 11 افراد ہلاک اور کم از کم 35 زخمی ہوگئے ہیں۔ چھ منزلہ اس عمارت میں آگ لگنے کا واقع پیش آیا۔ اس وقت اس بلڈنگ میں 60 سے زائد افراد موجود تھے۔ چھیپا ویلفئیر آرگنائزیشن کے ترجمان شاہد حسین کا کہنا تھا، ”ہم اب تک 11 لاشیں ہسپتال پہنچا چکے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ اس عمارت میں سے 40 دیگر لوگوں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔
صوبائی وزارت صحت کے ایک ترجمان شبیر علی نے ہلاک شدگان اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ حسین نے بتایا کہ آگ جنریٹر کے شارٹ سرکٹ سے لگی اور عمارت کی دو منزلوں تک پھیل گئی۔ ناقص حفاظتی انتظامات اور قوانین نا ہونے کے باعث ایسے واقعات کو روکنا ناممکن ہوجاتا ہے۔
کراچی کے مئیر مرتضی وہاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب عمارت کے درجہ حرارت کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں کاروباری عمارتوں اور فیکٹریز میں آگ لگنے کے واقعات معمول کی بات ہیں اور حفاظتی انتظامت کی عدم موجودگی اور نفاذ کا کمزور نظام اکثر انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں۔ 2012 میں کراچی کی بلدیہ فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث کم از کم 250 مزدور جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔