رفح میں قتل عام جاری، مزید 21 فلسطینی شہید

غزہ: منگل کے روز اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح کے مضافات میں ایک نیا قتل عام کیا جس میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی قتل عام کے نتیجے میں 21 افراد شہید اور 64 زخمی ہوئے جن میں سے 10 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

قابض فوج نے بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیموں پر براہ راست بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد بے گھر افراد فوری طور پر موقعے پر شہید ہوئے جن میں سے کچھ کے ٹکڑے ہو گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کے نئے قتل عام میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں اور ان کی لاشیں خیموں میں بکھرگئیں۔

اس قتل عام پر تبصرہ کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا: “پوری دنیا کو قانونی اور اخلاقی ذمہ داری کا سامنا ہے کہ وہ اس مجرمانہ پالیسی، جنونی جنگ ، قتل و خون کی پیاس اور لاپرواہی کی حالت کا مقابلہ کرے۔ دنیا سفاک ریاست کی پشت پناہی کرنا بند کرے‘‘۔

حماس نے ایک پریس بیان میں کہاکہ عالمی برادری، سلامتی کونسل اور عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری ایکشن لیں اور بین الاقوامی قوانین کی ان صریح خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے واضح اور فیصلہ کن اقدامات کریں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com