پاکستان میں مردم شماری ٹیم پر خودکش حملہ،4 فوجیوں سمیت 6 افراد شہید

لاہور(ایجنسیاں،ملت ٹائمز)
بیدیاں روڈ پر وین میں خودکش دھماکے کے نتیجے 4 فوجیوں سمیت 6 افراد شہید جبکہ 18افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بیدیاں روڈ پر مانانوالہ چوک پر کھڑی وین میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں مردم شماری ٹیم میں شامل 4 فوجیوں کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے سپاہی ساجدعبداللہ اور دلباز کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ ایک شہید ہونےوالے جوان کا تعلق پاکستان ایئرفورس سے ہے جس کا نام اویس ہے اور دھماکے میں اب تک 6 افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کو سی ایم ایچ اور جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے شدید زخمیوں کا آپریشن کیا جارہا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ارد گرد کی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچاجبکہ وین اور اس کے قریب کھڑی گاڑی بھی جل کر خاکستر ہو گئی۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ خودکش حملہ آور کی عمر18 سال سے 24 کے درمیان بتائی جارہی ہے اور اس کے اعضااکٹھے کرلئے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں 8سے 10کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا۔دھماکے کے بعد وزیراعظم،وفاقی وزیرداخلہ،صدر مملکت،وزیراعلیٰ پنجاب،ا?صف زرداری،عمران خان و دیگر شخصیات کی جانب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا گیا جبکہ خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔

SHARE