البشر سوشل سرکل کی جانب سے ایڈوکیٹ نازیہ الہی خان ’سماجی خدمتگار‘ایوارڈ سے سرفراز 

کولکاتا(ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
جمعرات کی شام کولکاتا کی مشہور مسلم بستی بیل گچھیا میں البشر سوشل سرکل کی جانب سے شہر کی جانی مانی سماجی کارکن ایڈوکیٹ نازیہ الہی خان کو ان کے سماجی کاموں کے اعتراف میں ’’سماجی خدمتگار ایوارڈ2017‘‘سے سرفراز کیا گیا۔نازیہ الہی خان کو یہ ایوارڈ بیل گچھیا امن کمیٹی کے صدر بیل گچھیا جامع مسجد کے خطیب وامام حضرت مولانا معین الدین قاسمی‘ وارڈ43ترنمول کانگریس کے صدر پرویز اقبال‘وارڈ43ترنمول کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ عرفان علی عرف تاج اور راجہ بھائی جان کے ہاتھوں مشترکہ طور پر دیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتی ہوئی ایڈوکیٹ نازیہ الہی خان نے کہا کہ اگر ہم دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم پر دھیان دیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی وکامرانی سے نہیں روک سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لڑکوں کے ساتھ ساتھ ہماری لڑکیوں کو بھی تعلیمی میدان میں آگے رہنے کی ضرورت ہے۔نازیہ الہی خان نے بیل گچھیا کی لڑکیوں سے کہا آپ سبھی اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور اس کیلئے جہاں تک ہوسکے گی میں آپ لوگوں کے شانہ بشانہ رہوں گی۔
اس سے قبل پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ صدارت الحاج مولانا معین الدین قاسمی نے کی۔ادارے کے سکریٹری شکیل احمد نے ادارے کے سابقہ کاموں کی تفصیل پیش کی جبکہ صدر سلیم جاوید نے ادارے کے اغراض ومقاصد پیش کئے۔دیگر اہم مہمانوں میں سابق کونسلر بروجیندر کمار بوس عرف شیبو دا‘ وارڈ43ترنمول کانگرس کے صدر پرویز اقبال اورورکنگ پریسیڈنٹ عرفان علی عرف تاج‘وارڈ 42ترنمول کانگریس کے صدراورسماجی ادارے ’منزل‘کے جنرل سکریٹری سیدعثمان جاوید‘ڈاکٹر سچن پرساد‘راجہ بھائی جان‘وارڈ 44 سے دانش نیازی‘ماسٹرابراھیم ‘ ماسٹر محمدآفتاب وغیرہ شامل تھے۔
اس موقع پر ادارے کی جانب سے ایک سو ضرورت مندوں کے درمیان رمضان المبارک کی نسبت سے افطار کٹس اور جائے نماز بھی تقسیم کی گئی۔مولانا معین الدین قاسمی کی دعا کے بعد پروگرام اختتام کو پہنچا۔ بیل گچھیا جیسی پسماندہ بستی میں افطار کٹس اور جائے نماز تقسیم کئے جانے پر سبھی مقررین نے ادارے کی سراہنا کی۔ ماسٹر شاہ عالم نے بیحد خوبصورتی سے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں صاحب علیم ‘رئیس رضوی ‘فیاض احمد ‘شمشیر علی‘علی ندیم‘ ارمان علی ودیگر کا اہم رول رہا۔