اسلام آباد (ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
پاکستان میں قائم سعودی ایمبیسی نے رمضان میں عمرہ ویزہ کا مصنوعی بحران پیدا کرکے ہزاروں پاکستانی زائرین کو عمرے جیسی عظیم سعادت حاصل کرنے کا سنہرا موقع دیاہے،سعودی فرمانروا شاہ سلیمان کے حکم پر ماہ مقدس میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی زائرین کے لئے روزانہ جاری ہونے والے عمرے ویزے کوٹے کی تعداد 5ہزار سے بڑھا کر 9ہزار کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں پاکستان سے ادائیگی عمرہ کے لئے ارض حرمین جانے والوں کی تعداد عام مہینوں کی نسبت کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور ہر مسلمان کیخواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان کی ان مقدس ساعتوں میں روضہ رسول ? کی قربت اور بیت اللہ کے سائے میں زیادہ سے زیادہ وقت گذارے تاہم گذشتہ چند روز سے منافع خور مافیا نے عمرے ویزے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں کہ سعودی سفارت خانے میں عمرہ ویزہ سٹیکرز کی شدید قلت پیدا ہو نے کی وجہ سے نیا بحران پیدا ہو گیا ہے ،ان بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں کی اشاعت کے بعد پاکستان میں سعودی سفیر نے نوٹس لیتے ہوئے خادمین حرمین الشریفین کے خصوصی حکم پر پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے عمرے ویزے کے کوٹے کو بڑھاتے ہوئے روزانہ جاری ہونے والے ویزوں کی تعداد 5ہزار سے بڑھا کر 9ہزار کر دی ہے۔سعودی سفارت خانے میں موجود اعلیٰ اہلکار نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بعض ٹریول ایجنٹس اور عمرے کے نام پر ’’دولت کمانے والے مافیا ‘‘ نے ملی بھگت کے ساتھ میڈیا میں عمرہ ویزہ کے سٹیکرز ختم ہونے کی بے بنیاد خبریں پھیلائیں جو کہ سراسر گمراہ کن ہیں اور ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔