مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں ملوث سری لنکا کے بدھ مذہبی رہنما گرفتار،مسلمانوں کے خلاف حملے اور آتش زنی جیسے متعدد الزامات

کولمبو(ملت ٹائمزایجنسیاں)
سری لنکن پولیس نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں ملوث ایک بدھ مذہبی رہنما کو گرفتار کیا ہے۔مذکورہ مذہبی رہنماءکا تعلق سخت گیر بودھ تنظیم بودو بالا سیناسے ہے۔اس پر مسلمانوں کے خلاف حملے اور آتش زنی کرنے جیسے متعدد الزامات ہیں جس سے ملک میں مذہبی منافرت اور کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
بی بی سی کے مطابق گذشتہ اپریل میں مسلمانو ں کے مکانات، کاروبار اور قبرستانوں میں آتشزدگی کے 16واقعات ہوئے تھے جن کی تحقیقات ہو رہی ہے ، سری لنکن پولیس کے ترجمان پریانا تھاجے کوڈی کے مطابق پولیس ایسے جرائم کے خلاف سخت موقف اختیارکئے ہوئے ہے، اس حوالے سے پولیس نے بدھ مذہبی رہنماءکو حراست میں لیا ہوا ہے گرفتار شخص کا کولمبو کے مضافات میں ہونے والی آتشزدگی سے براہ راست تعلق ہے۔ مذکورہ شخص کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس کی تحویل میں لیا گیا ہے۔
سری لنکا میں مسلمانوں کو پیٹرول بموں سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور پولیس پر اس سلسلے میں فرار ہونے والے ایک سرغنہ گلاگودتی گنناساران کو نہ پکڑنے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔گننا سارن کا تعلق بود بالا سینا سے ہے جو اس وقت فرار ہیں۔ پولیس کے مطابق جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے وہ گنناسارن کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔ گنن سارن سخت گیر بودھ مذہبی رہنما ہیں جو گذشتہ مئی سے اس وقت سے لاپتہ ہیں جب سے پولیس نے انھیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا