سفارتی بائیکاٹ کا عمرہ زائرین سے کوئی تعلق نہیں،اب تک قطر کے 2 ہزار شہری سعودی عرب پہونچ چکے ہیں

مکہ مکرمہ(ملت ٹائمز)
سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے اور افواہوں کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی سعودی عرب کے خلاف اس مہم کا سلسلہ جاری ہے جس میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے بعد مملکت قطری معتمرین کا استقبال نہیں کر رہی ہے۔
تاہم جو کوئی حقیقت کو جانے گا یا جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے کے دروازے کے سامنے کھڑا ہوگا. وہ بآسانی دیکھ لے گا کہ سعودی حکام عمرہ ادا کرنے کے واسطے روزانہ آنے والے قطری شہریوں کے داخلے کے لیے کس طرح سہولتیں پیش کر رہے ہیں۔
حج اور عمرے کے امور سے متعلق سعودی کسٹم کے نائب ڈائریکٹر خالد الجعید کے مطابق عمرے کے لیے سعودی عرب آنے والے قطریوں کے حوالے سے اقدامات کو جلد اور سہولت کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ الجعید کا کہنا ہے کہ کارروائی کو آسان اس لیے بنایا گیا کیوں کہ قطری شہری ایک غیر ملکی فضائی کمپنی کے ذریعے اپنے ملک سے روانہ ہوئے تھے اور مملکت پہنچنے سے قبل ایک دوسرے ملک میں رکے تھے جس کی وجہ سے ان کی مشقت میں اضافہ ہو گیا۔
قطر کے پڑوسی ممالک باور کرا رہے ہیں کہ سعودی عرب پہنچنے میں قطریوں کو جو مشقت اور مشکلات درپیش ہیں وہ درحقیقت دوحہ کی خلیجی ممالک کے استحکام کے لیے خطرہ بننے والی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔
(بشکریہ العربیہ چینل)