الحرمین الشریفین کی خدمت ایک اعزاز اور سعودیوں کے لیے باعث فخر ہے: شاہ سلمان

ریاض(ملت ٹائمز)
سعودی عرب کے فرماں رواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ الحرمین الشریفین کی خدمت مملکت کے لیے ایک اعزاز اور سعودیوں کے لیے فخر کا ذریعہ ہے۔
انھوں نے یہ بات سوموار کی شب سعودی عرب کی وزارتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ہے۔شاہ سلمان نے کابینہ کے وزراءکو پاکستان اور یمن کے صدور سے اپنی ملاقاتوں ، عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے بات چیت اور روسی صدر اور برطانوی وزیراعظم سے فون پر گفتگو کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
سعودی وزرائ نے مملکت کی آبی حدود میں دراندازی کرنے والی تین کشتیوں کے خلاف بحریہ کی کارروائی کو سراہا اور حکومت کی جانب سے دہشت گرد ی کے خلاف جنگ کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مادر وطن کو کسی بھی بیرونی جارحیت سے تحفظ مہیا کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
وزارتی کونسل نے یمن کے شہر مآرب میں شاہ سلمان ریلیف مرکز کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان سے لدے تین ٹرکوں پر حملوں کی مذمت کی اور اس کارروائی کو انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے ایک خطرہ قراردیا ہے۔
اس موقع پر شاہ سلمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حوثی ملیشیا کی کارروائیوں سے یمن میں انسانی امدادی کام کے تسلسل میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔انھوں نے لندن میں فنز بری پارک مسجد کے نزدیک نمازیوں پر دہشت گردی کے حملے کے بھی مذمت کی ہے۔
بشکریہ العربیہ