نئی دہلی(پریس ریلیز)/ملت ٹائمز
ہم لوگ بہت ہی خوش نصیب ہیں کہ اللہ رب العزت نے ہمیں رمضان المبارک کے روزے رکھنے کی توفیق بخشی اور راتوں میں تراویح پڑھنے اوراس میں قرآن پاک سننے کی سعادت عطا فرمائی ،پورے مہینہ نیکی میں گزارنے کے بعد حق تعالیٰ نے عید کی خوشیاں مقدر فرمائیں۔ عید کا دن اور عید کی شب دونوں ہی بہت مبارک اور بڑی فضیلت والی ہیں۔ان خیالات کا اظہار مشہور عالم دین مفتی محفوظ الرحمن عثمانی (بانی و مہتمم جامعۃ القاسم دارالعلوم اسلامیہ سپول بہار)نے رمضان کریم میں مختلف مساجد میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔
امام قاسم اسلامک ایجوکیشنل ویلفئر ٹرسٹ انڈیا دہلی سے جاری پریس بیان کے مطابق انہوں نے مزید کہاکہ جب عید الفطر کی رات ہوتی ہے تو اس کا نام آسمانوں پر ’’لیلۃ الجائزہ‘‘ انعام کی رات سے لیا جاتا ہے او رجب عید کی صبح ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ فرشتوں کو تمام شہروں میں بھیجتے ہیں ، وہ زمین پر اتر کر تمام گلیوں ، راستوں کے سروں پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور ایسی آواز سے جس کو جنات اورانسان کے سوا ہر مخلوق سنتی ہے پکارتے ہیں: اے محمدؐ کی امت!اس رب کریم کی در گاہ کی طرف چلو جو بہت زیادہ عطا فرمانے والا ہے اور بڑے قصور کو معاف کرنے والا ہے، جب لوگ عید گاہ کی طرف نکلتے ہیں تو حق تعالیٰ شانہ فرشتوں سے دریافت فرماتے ہیں کہکیا بدلہ ہے اس مزدور کا جو اپنا کام پورا کر چکا ہو؟ وہ عرض کرتے ہیں کہ اےہمارے رب اس کا بدلہ یہی ہے کہ اس کی مزدوری پوری پوری دے دی جائے۔ حق تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اے فرشتو!میں تمہیں گواہ بناتا ہوں، میں نے ان کو رمضان کے روزوں اور تراویح کے بدلہ میں اپنی رضا اورمغفرت عطا کر دی۔مفتی عثمانی نے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری دس ایام ، عید اور عید کی شب بڑی مبارک ہیں اورآخرت کمانے کا بہترین سیزن ہیں۔ بندہ جس کی زندگی کا مقصد صرف حق تعالیٰ کی رضا اور حصولِ جنت ہے اس کے لئے یہ بہت ہی نادر موقع ہے، جو پروردگارنے محض اپنی رحمت سے عطا فرمایا ہے۔
اس سے قبل مسجد صالحین میںانہوں نے کہاکہ اعتکاف سنت ہونے کے ساتھ ایک انتہائی پسندیدہ عباد ت ہے ، آپؐ نے باضابطہ رمضان کے اخیر عشرہ میں اس کا اہتمام کیا ہے اور صحابہ کو کرنے کی تلقین بھی فرمائی ۔ مسجد صالحین کے صدر مولاحفیظ الدین اور سکریٹری جناب فاروق حسن جی مفتی محفو ظ الرحمن کا شکریہ ادا کیا ۔
برمنگھم میں واقع التقویٰ اسلامک سینٹر میں مفتی عثمانی نے شب قدر کی اہمیت وفضیلت پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شب قدر امت مسلمہ کو اللہ تعالی کا ایک عظیم تحفہ ہے ،اس رات میں عبادت کرنے کا ثواب ہزاروں مہینوں میں عبادت کے ثواب سے زیادہ ہے ۔ اس موقع پر التقویٰ سینٹر کے صدر حاجی عبد اللطیف خان اور سکریٹری مفتی عبد القیوم بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ مفتی عثمانی نے لندن شہر میں واقع چرچ روڈ واقع مسجد میں بھی وہاں کے ذمہ داران یوسف بھائی پٹل ،عمران پٹیل اور غلام حسین کی دعوت پر اعتکاف ،شب قدر اور قرآن کریم کی اہمیت پر خصوصی خطاب فرمایا۔یہی اسلامک کلچر سینٹر میں بھی مفتی عثمانی نے مولانا عبد الرحمن فلاحی اور صوفی انور بھائی کی دعوت پر خصوصی خطاب کیا اور قرآن کریم کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم کی تعلیم امت مسلمہ کیلئے سب سے زیادہ ضروری ہے ،قرآن کریم کی تعلیم اور اس پر عمل کرنے میں ہی ملت اسلامیہ کی کامیابی کا دارومدار ہے۔