پاکستان میں ہولناک حادثہ، بہاولپور کے قریب نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ بھڑ ک اٹھی ،140افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

بہاولپور(ملت ٹائمزایجنسیاں)
عید سے ایک روزقبل پاکستان میں ایک اور دردناک حادثہ پیش آگیاہے ،ذرائع کے مطابق پاکستان کے احمد پور شرقیہ کے علاقے میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر وہ دھماکے سے پھٹ گیا اور 100 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہیں۔
بہاولپور احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے140افراد جاں بحق اور درجنوں جھلس گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر پھٹنے کا واقعہ قومی شاہراہ پر پل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے الٹنے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور بڑی تعداد میں لوگ پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے۔
اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں 140افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے،جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان کی شناخت کے بغیر ڈی این اے ممکن نہیں۔زخمیوں کو بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال سمیت قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیاجہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے 100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 100کے قریب افراد کو مقابی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

SHARE