مدینہ منورہ کے قریب ٹریفک حادثہ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 6پاکستانیوں سمیت 10افراد جاں بحق

جدہ (ملت ٹائمز/ایجنسیاں )

عید کے تیسرے روز سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 6 پاکستانیوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور5زخمی ہو گئے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ ہائی وے پر مخالف سمت سے آنے والی دو گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبداللہ ابو زید کا کہنا ہے کہ حادثہ رابغ شہر کے قریب پیش آیا، ایک گاڑی میں پاکستانی خاندان سوار تھا جب کہ دوسری گاڑی سوڈانی تارکین وطن کی تھی۔ زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 6 کا تعلق پاکستان اور 4 کا تعلق سوڈان سے ہے۔سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستانی شہری رانا جاوید، اہلیہ، بیٹا، بیٹی، داماد، بہو اور دیگر 3 افراد شامل ہیں۔