پیرس (ملت ٹائمزایجنسیاں)
برطانیہ کے بعد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مسجد کے قریب لوگوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیاہے۔”بی بی سی “ کے مطابق پیرس کے علاقے کریٹیل میں ایک شخص نے مسجد کے قریب ہجوم پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی اور ایک شخص کو کچل کر زخمی کر دیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا اور گاڑی قبضے میں لے لی۔
اخبار لی پیرسین کا کہنا ہے کہ وہ شخص ارمینیائی نڑاد باشدہ ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ پیرس میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرس کے جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں واقع ایک مسجد کی حفاظت کے لئے لگائے گئے بیریئرز اور بل بورڈز کے ساتھ اس شخص نے 4×4 گاڑی مسلسل ٹکرائی اور پھر گاڑی بھگائی تاہم اس کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔اخبار لی پیرسین کے مطابق وہ شخص منشیات یا الکحل کے نشے میں نہیں تھا۔
ؒواضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں یورپ میں کئی ایسے حملوں ہوئے جس میں گاڑی کو ہجوم سے ٹکرایا گیا، ان میں سے بیشتر کی ذمہ داری دولت اسلامیہ کے ساتھ وفاداری ظاہر کرنے والوں نے قبول کی تھی۔