نیویارک(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
امریکا کے شہر نیویارک سٹی میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک خاتون پولیس افسر ہلاک جب کہ حملہ آور بھی پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا یہ واقعہ نیویارک کے علاقے برونکس میں پیش آیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 48 سالہ خاتون پولیس افسر میوسوٹس فمیلیا اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ پولیس کار میں بیٹھی ہوئی تھیں جب انہیں گولی ماری گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے بغیر کسی وجہ کے پولیس افسر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔بعد ازاں موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں نے جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔