میکسیکو سٹی(ملت ٹائمزایجنسیاں)
لاس کروسس جیل میں قیدیوں کے دومخالف گروپوں میں ہولناک تصادم سے کم از کم 28 قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزمقامی وقت کے مطابق علی الصبح میکسیکو کے جنوب مغربی شہر اکاپلکو کی لاس کروسس جیل میں سخت سیکیورٹی کے باوجود قیدیوں کے دومخالف گروپوں میں شدید جھڑپیں شروع ہوئیں جو دیکھتے ہی دیکھتے جیل انتظامیہ کے قابو سے باہر ہوگئیں۔اگرچہ میکسیکو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سہ پہرتک صورتِ حال پرقابوپالیا لیکن تب تک کم ازکم 28 قیدی ہلاک ہوچکے تھے جبکہ مزید درجنوں قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہراکاپلکو کی میکسیکن ریاست گریرو کے گورنر نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ اس تصادم میں قیدیوں نے ایک دوسرے کو چاقوو¿ں اور ڈنڈوں سے مارا جبکہ بعض قیدیوں کے سر تن سے جدا کردیئے گئے۔ واضح رہے کہ ریاست گریرو کے سب سے بڑے شہر اکاپلکو کو میکسیکو کے سب سے پرتشدد مقامات میں بھی شمار کیا جاتا ہے جہاں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ جیسے گھناو¿نے کاروبار عروج پر ہیں۔
جیل ترجمان نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شاید یہ واقعہ اس جیل میں موجود قیدیوں کے دو حریف گروپوں میں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں پیش آیا تھا۔بہ الفاظِ دیگر ہم اسے میکسیکو کا لیاری سمجھ سکتے ہیں کیونکہ کسی زمانے میں اکاپلکو بھی میکسیکو کا ایک مقبول سیاحتی شہر ہوا کرتا تھا لیکن منشیات اور جرائم پیشہ گروہوں کی حکمرانی نے اسے بھی لیاری کی طرح خطرناک ترین علاقوں میں سے ایک بنادیا ہے۔