اننت ناگ میں امرناتھ یاتریوں پر حملہ ،سات زائرین ہلاک ،25 زخمی

سری نگر (ملت ٹائمز)
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر کی رات قریب 9 بجے جنگجوﺅں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بناکر کئے گئے حملے میں 7امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت 25 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالات تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے بتایا کہ یہ حملہ امرناتھ یاتریوں کو نہیں بلکہ سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر کیا گیا۔ حملہ کے بعد وادی میں ہائی الرٹ جاری کرکے سری نگر جموں قومی شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے اننت ناگ کے بٹنگو علاقہ میں یاتریوں کے قافلے میں شامل سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایاکہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ 25 دیگر بشمول تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے علاقہ کو محاصرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی کاروائی شروع کی ہے۔