ریاض(ملت ٹائمز/ایجنسیاں)
ریاض میں ابنائے قدیم دارالعلوم دیوبند کی تنظیم” بزم قاسمی،، کے تحت ہندوستان کے موجودہ حالات پر غور و فکر کے لئے بزم قاسمی کے فعال رکن مولانا محمد انعام قاسمی صاحب کے دولت کدہ پر ایک نشست ہوئی ۔نشست کا آغاز مولانا و قاری محمد شمشاد قاسمی صاحب کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا، اس کے بعد معروف شاعر و کالم نگار مفتی منصور عالم قاسمی نے نعت پاک کے چند اشعار پڑھے اور پھر ملک عزیز کے موجودہ حالات پر اپنا فکر انگیز مقالہ پیش کیا ،جس میں انہوں نے کہا: ہم وارثین انبیاء ہیں اس لئے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ جب بھی شریعت میں حکومت یا کوئی مداخلت کرے تو ہم صدائے احتجاج بلندی کریں گرچہ ہم پردیس میں ہیں، اگر آج ہم خاموش رہیں گے تو ہماری آواز ہمیشہ کے لئے دبا دی جائے گی۔ مشکلات کے بھنور میں پھنسی امت کی صحیح رہنمائی کرکے ”قبلہ نما،، ہونے کا ثبوت دیں۔ اس کے بعد مولانا عبدالباری قاسمی،مولانا جمیل قاسمی، مولانا فخرالدین قاسمی، مفتی اکرم قاسمی،مولانا کلیم الدین قاسمی،مولانا عتیق قاسمی ،مولانا معاذ قاسمی اور دیگر شرکاء بزم نے مقالہ کے حوالے سے حالات حاضرہ پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔
اظہار خیالات کے بعد مولانا محمد ہارون قاسمی صاحب نے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی اپیل کی ،جس پر حاضرین نے لبیک کہا اور دل کھول کر چندے دیئے ۔ مولانا محمد اکرام اللہ قاسمی صاحب کی دعا کے ساتھ نشست کا اختتام ہوا۔





