ہندوستانی عازمین حج شدید پریشان ،حج کمیٹی آف انڈیا کے انتظامات انتہائی ناقص، فوری مددکی اپیل

مکہ مکرمہ نئی دہلی(ملت ٹائمز)
سال رواں ہندوستانی عازمین حج کو شدید پریشانیوں اور مشکلات کاسامناہے، حج کمیٹی آف انڈیا کے ناقص اتنظامات کی وجہ حجاج کرام بیحد پریشان نظر آرہے ہیں ،حج کے مقدس سفر پر گئے کئی سارے حاجیوں نے فون کرکے ملت ٹائمز کوبتایاکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے یہ کہاگیاتھاکہ رات کے 9 بجے بس آئے گی اور منی لے جائے گی لیکن صبح کے نوبجے تک انتظار میں گز ر گئے اور کوئی گاڑی نہیں آئی ،انہوں نے بتایاکہ کل عرفہ ہے لیکن اس طرح کے انتظامات کی وجہ سے کافی دشواریاں ہورہی ہیں،انہوں نے یہ بھی کہاکہ معلمین حج کے موبائل سوئچ آف ہیں ،کہیں بھی حج معلم نظر نہیں آتے ہیں،انہوں نے بتایاکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کہاگیا تھا کہ ہمار اعملہ ہمیشہ ساتھ رہے گا ،خبر خیریت معلوم کرتارہے گا لیکن آج تک کوئی پوچھنے نہیں آیاہے ۔
بہت سارے ہندوستانی عازمین حج نے ملت ٹائمز کے علاوہ اپنے رشتہ داروں کو بھی فون کرکے اس طرح کی شکایت کی ہے ،بہت سارے وہاں مقیم اپنے رشتہ داروں سے مدد طلب کرکے ارکان حج کی ادائیگی کررہے ہیں لیکن جن کا کوئی رشتہ دار اور عزیز وہاں نہیں ہیں وہ بہت پریشان ہیں اور حج کمیٹی آف انڈیا سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ ان مسائل کو حل کریں اور حاجیوں کو پیش آرہی مشکلات اور تکالیف کا ازالہ کریں ۔
واضح رہے کہ سال رواں دنیا بھر سے مکہ مکرمہ میں بیس لاکھ حجاج کرام پہونچ چکے ہیں،جس میں ڈیڑھ لاکھ کے قریب ہندوستانی عازمین حج بھی شامل ہیں ،کل جمعرات کو حج کے اہم رکن عرفہ کی ادائیگی کی جائے گی ۔