دبئی(ملت ٹائمز)
ہنگامی حالات سے دوچار حجاج کرام اتوار کے روز الوداعی طواف کے بعد مکہ المکرمہ سے روانہ ہو گئے جبکہ دیگر حاجیوں نے ایام تشریق کے تیسرے دن یعنی سوموار کے روز شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ شروع کیا۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے مشیر اور مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے امسال حج کو تمام حوالوں سے ایک کامیاب سیزن قرار دیا ہے۔
شہزادہ خالد الفیصل کے بیان کے ساتھ ہی ہنگامی حالات سے دوچار حجاج نے ایام تشریق کے دوسرے روز شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ مکمل کیا جس کے بعد وہ مکہ المکرمہ میں الوداعی طواف کرتے ہوئے روانہ ہو گئے۔
گورنر مکہ نے اتوار کے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ اس سال حج سیزن انتہائی کامیاب رہا۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ سعودی عرب حج کے ذریعے کسی قسم کی سیاست کاری نہیں کرتا اور نہ ہی دوسروں کو ایسا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ الحرمین الشریفین کی سرزمین تمام مسلمانوں کے لئے کھلی ہے وہ چاہے ایرانی ہوں یا دیگر۔
اس سے قبل العربیہ نیوز چینل کو اپنے انٹرویو میں گورنر مکہ نے بتایا کہ اس سال سعودی عرب میں حاجیوں کو ٹرین اور بذریعہ بسوں کے نقل وحرکت کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ماضی کے مقابلے میں مختصر مدت کے دوران حجاج کی تعداد دو ملین سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ شہزادہ خالد کے بقول سعودی عرب حج بیت اللہ کے لئے آنے والے اللہ کے مہمانوں کو علاقائی تنازعات اور جھگڑوں سے ہٹ کر سعودی عرب بہترین خدمات فراہم کرتا ہے۔
(بشکریہ العربیہ)





