برما میں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے، اقوام متحدہ ٹھوس کارروائی کرے: دارالعلوم دیوبند کی اپیل

دیوبند : ( سمیرچودھری؍ ملت ٹائمز )
دنیا کے سب سے مظلوم اقلیتی طبقہ مانے جانے والے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ میانمار میں ظلم و بربریت پر عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ سے ٹھوس کارروائی کرنے اور حفاظتی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کئے جانے کے واقعات پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے رنج و غم کااظہا رکرتے ہوئے کہاکہ میانمار میںانسانیت کا قتل کیاجارہاہے اور بے گناہ بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو موت کے گھاٹ اتارا جارہاہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مفتی نعمانی نے کہاکہ اقوام متحدہ اس سنگین معاملہ میں فوری طورپر ٹھوس قدم اٹھائے اور روہنگیائی مسلمانوں کے لئے پختہ حفاظتی انتظامات کرے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستانی حکومت کو بھی انسانیت کی بنیاد پر میانمار میں جاری انسانیت سوز قتل و غارت گری پر روک لگائے کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ برما اورمیانمار کے مظلوم لوگ ہندوستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں بھارت سرکار کو چاہئے کہ وہ انہیں ملک سے باہر نکالنے کے فیصلے پر دوبارہ غور خوض کرے۔