ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات انتہائی حساس،کسی مخصوص قانونی حدتک محدود نہیں کیا جاسکتا:طیب اردگان

انقرہ(ملت ٹائمز)
ترک صدر نے تہران،انقرہ تعلقات کو حساس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان قریبی روابط کو کسی مخصوص قانونی حد تک محدود نہیں کیا جاسکتاہے ،یہ بات ‘رجب طیب اردگان نے گزشتہ روزہ قازقستان کے دورے کے لئے روانگی سے پہلے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی خبر کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بعض گیس اور تیل کی ضروریات کو ایران کے ذریعے سے پورا کرتے ہیں اور ہم نے دونوں ممالک کے تعلقات کی حساس نوعیت کے حوالے سے امریکی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ تعاون کے الزام میں ترکی کے بعض سابق سیاسی عہدیدار اور بینک حکام کے خلاف قانونی کاروائی کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ دورہ امریکہ کے موقع پر اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا۔
ترک صدر نے ایرانی نڑاد ترک تاجر رضا ضراب، ترک بینک حالک بالخصوص اپنے سیکورٹی گارڈز کے خلاف امریکہ کی جانب سے قانونی کاروائی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے امریکہ کی بے بسی سامنے آتی ہے۔