دس لاکھ فلسطینی طلبہ کا اقوام متحدہ کے نام خط،آزادی کا مطالبہ

مقبوضہ بیت المقدس(ملت ٹائمز
دس لاکھ فلسطینی طلبہ نے خود مختار فلسطین کے لیے ایک مہم شروع کی ہے۔ٹی آر ٹی کی رپوٹ کے مطابق فلسطین کی آزادی کیلئے 10 لاکھ فلسطینی طلبہ کی جانب سے تحریر کردہ ایک خط اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس کو ارسال کرنے کےلیے صدر محمود عباس کے سپرد کیا گیاہے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی “وفا “کےمطابق ، صدر عباس نے اس خط کو قبول کر لیا ہے۔صدر عباس نے کہا کہ یہ خط ہماری عوام کی آزادی و خود مختاری کی خواہش کا علمبردار ہے ۔
واضح رہے کہ فلسطین کی وزارت تعلیم نے گزشتہ مہینے آزادی فلسطین کی کوششو ں کے تناظر میں اس مہم کے آغاز کی اجازت دی تھی۔
اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ 20 ستمبر کو یکجا ہونے والے جنرل اسمبلی کے عام اجلاس میں منظوری کےلیے 16 قراردادیں تیار کی ہیں۔ سیکریٹری جنرل گوٹریس نے بھی فلسطینی وزیراعظم رامی ال حمد اللہ سے گزشتہ مہینے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ وہ بھی دو ریاستی نظریئے کے حامی ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ باہمی افہام و تفہیم سے حل ہو جائے۔
ہم آپ کو بتادیں کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کی واپسی کے حق کی نا منظوری کے باعث 2014 سے التوا کا شکار ہیں۔