جے پور(ملت ٹائمز)
راجستھان میں گئو رکشکوں کے ذریعہ پہلو خان کے بے رحمانہ قتل کے معاملہ میں اب ایک اور نیا موڑ آگیا ہے ۔ گزشتہ روز پولیس کے ذریعہ 6 ملزموں کو کلین چٹ دئے جانے کے بعد اب سی آئی ڈی نے دو نئے ناموں کو اعلان کیا ہے اور ان کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے۔
سی آئی ڈی نے بھیم راٹھی اور دیپک یادو نام کے دو شخص کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلو خان کے قتل میں ان دو نئے افراد کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ ان دونوں کی گرفتاری کیلئے فائل بہروڑ تھانہ بھیج دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے پہلو خان کے قتل کے چھ ملزموں کو کلین چٹ دیدی تھی ۔ سی بی سی آئی ڈی کو جانچ کے دوران ان ملزموں کے جائے واردات پر موجود رہنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔ ادھر میو سماج جانچ رپورٹ کے خلاف ہائی کورٹ جانے کی تیاری کررہا ہے، ہم آپ کو یہ بھی بتادیں کہ وہ چھ نام پہلوخان نے مرنے سے قبل خود بتائے تھے او ریہ سبھی شدت پسند ہندو تنظیموں سے وابستہ تھے۔