حیدرآباد میں بڈھست دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ ،عالمی برادری سے روہنگیا کی نسل کشی کو بندکرانے کا مطالبہ

حیدر آباد( ملت ٹائمز)
میانمار میں روہنگیائی مسلمانوں کی نشل کشی بند کرنے کے مطالبے کو لیکر آندھر ا پردیش کے ضلع نندیال میں ایس ڈی پی آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران پارٹی مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے میانمار میں روہنگیائی مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان نہتے معصوموں کا قتل عام کرکے ان کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ بین الاقوامی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے نسل کشی کے خلاف آوازاٹھائے اور ان کے مسئلے کا سیاسی حل نکالنے کا مطالبہ کرے۔ مقررین نے ریاستی کونسلر اور نوبل لاریٹ آنگ سان سوچی کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آنگ سان سوچی کو اس معاملے میں سنجیدگی سے اقدامات اٹھانا چاہئے۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام میں پارٹی لیڈران نے ضلعی کلکٹر کے توسط سے وزیر اعظم، آندھرا پردیش گورنر اور وزیر اعلی کے نام میمورینڈم پیش کیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک رہے۔