حوثی باغیوں کے انتقامی میزائل حملہ میں سعودی اسکول تباہ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں

ریاض : ( ملت ٹائمز؍ایجنسیاں) حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جازان خطہ کے الجرادیہ گاؤں میں واقع ایک اسکول پر میزائل حملہ کیا جس میں اسکول تہس نہس ہو گیا ہے۔ زمین سے زمین پر مار کرنے والے اس میزائل حملہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
عرب نیوز ڈاٹ کام کے مطابق، میزائل نے اسکول کو تباہ و برباد کر دیا اور اس سے کچھ شہریوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ عرب نیوز نے ذرائع کے حوالہ سے لکھا ہے کہ حوثی باغی اسکولوں اور شہری ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنانے سے پرہیز نہیں کرتے جو کہ عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
العربیہ نے حال ہی میں خبر دی تھی کہ سعودی افواج نے کم ازکم ان چالیس حوثی باغیوں کو مار گرایا تھا جو سعودی عرب کی سرحد کو پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی فوج نے باغیوں کے ذریعہ استعمال کی جا رہی گاڑیوں کو بھی تباہ وبرباد کر دیا تھا۔