سرکاری مدرسہ بورڈ کی طرز پردینی مدارس میں بھی ہونگے مشترکہ امتحانات ،رابطہ مدارس کا فیصلہ

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)

رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کے مغربی زون نمبر ایک کی عاملہ کی میٹنگ کا انعقاد جی ٹی روڈ پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں کیاگیا ،جس میں مدارس کے نظام کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے حفظ تا درجہ سوم کے امتحان کو بورڈ کے طرز پر مشترکہ کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔ گزشتہ روز دارالعلوم زکریا دیوبند میں منعقد عاملہ کے اجلاس میں رابطہ مدارس اسلامیہ مغربی زون کے ممبران نے شرکت کرکے مدارس اسلامیہ کی ترویج و ترقی کے لئے کئی اہم فیصلے کئے۔ جس میں سب سے اہم تجاویز مشترکہ امتحانات کی سامنے آئی ہے ،جس کے سلسلہ میں بھرپور کوشش کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ دوران اجلاس سابقہ خواندگی کی کارروائی کی توثیق کی گئی اور مدارس کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے متعدد تجاویز کو منظوری کیاگیا۔ اس موقع پر حفظ تا عربی درجہ سوم کے طلباءکے لئے بورڈ امتحانات کی طرز پر مختلف مقامات پر سینٹر قائم کرکے امتحان کرانے کی تجویز کو منظوری کرتے ہوئے اس سلسلہ میں عہدیدان کی جانب سے مو¿ثر کوشش کرنے پر زور دیاگیاہے۔ وہیں مربوط مدارس کی متعین سالانہ ایک ہزار روپیہ فیس کو وصول کرنے کے لئے نظام بنانے پر بھی زور دیاگیاہے۔ اس موقع پر رابطہ مدارس اسلامیہ کے جنرل سکریٹری اور دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا محمدیامین نے مدارس کے نظام کے مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے کہاکہ مدارس اسلامیہ کے نظام کو مضبوط اور مزید بہتر بنانا وقت کاہم تقاضہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت حکومتوں اور فرقہ پرستوں کی نظریں مدارس پر لگی ہوئی ہے اسلئے ذمہ داران مدارس کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے تاکہ مدارس اسلامیہ اور طلباءکو دشمنان اسلام کی سازشوں سے محفوظ رکھاجاسکے۔ اپنے صدارتی کلمات میں قاری محمد شوکت ویٹ نے کہاکہ تعلیمی نظام کو منظم اور مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ امتحان کرایا جانا ضروری اور اچھا قدم ہے،جس سے طلباءاور مدارس کی محنتیں سامنے آئینگے۔ انہوں کہاکہ بہتر کارکردگی کرنے والے طلباءکی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں انعامات بھی دیئے جائیں۔دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے زور دیتے ہوئے کہاکہ مدارس کے نظام میں شفافیت کاہونا بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت میں مدارس اسلامیہ کو پوری دنیا میں تعصب کانشانہ بنایا جارہاہے اسلئے ارباب مدارس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہ اپنے نظام کو منظم اور شفاف بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ مدارس اسلامیہ سے امن و سلامتی کی تعلیمی اور آپسی بھائی چارہ کاپیغام دیاہے،اسلئے آج بھی ضرورت ہے جو لوگ مدارس پر انگلیاں اٹھاتے ہیں انہیں مدارس میں دی جانے والی تعلیمات کے بارے میں بتایا جائے اور نظام مدارس دکھایا جائے۔ صدارت قاری محمد شوکت نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مفتی شریف خان قاسمی نے کاانجام دیئے۔ اس دوران جامعہ بدرالعلوم گڈھی دولت کے مہتمم مولانامحمد عاقل قاسمی، ضلع صدر مولانامحمد شاہد،آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی،قاری سعید احمد،مفتی سلیمان،قاری تنسیق،مفتی ہارون،مفتی ثابت،قاری سلیمان، مفتی شاہنواز وغیرہ سمیت عاملہ کے رکن موجودرہے۔