پاکستان علماءکونسل نے حکومت کے خلا ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ،ختم نبو ت کے حلف نامہ میں الفا ظ تبدیل کرنے والوں کا نام ظاہر کرنے مطالبہ

لاہور(ملت ٹائمزایجنسیاں)
چیئرمین علماءپاکستان کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کے حلف نامے کے الفاظ تبدیل کرنے والوں کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کردیا ، ساتھ ہی رپورٹ پبلک نہ ہونے کی صورت میں جمعہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے رانا ثنا اللہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا ہمیں شوق نہیں کہ قادیانیوں کو مسلمان کہنا شروع کردیں وزرا کو خیال کرنا چاہیے کہ وہ گفتگو کرتے ہوئے احتیاط کریں، رانا ثنا اللہ کو اپنی وضاحت کلیئر کرنی چاہیے،بعض وزرا کی عقیدہ ختم نبوت سے کھیلنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ابھی تک وہ نام سامنے نہیں آئے جنہوں نے حلف نامے کے الفاظ بدلے ، اگر جمعہ تک ذمہ داروں کے نام سامنے نہ آئے تو علماءپاکستان کونسل ملک گیر احتجاجی تحریک چلائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی اپنی ہی جماعت انہیں دھکا دے رہی ہے، ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے عالمی سازشیں کی جا رہی ہیں، آرمی چیف خود کہہ چکے ہیں کہ جمہوریت چلتی رہنی چاہیے لیکن جب آپ کے پاس پیسے نہیں ہوں گے تو اسلحہ کہاں سے خریدیں گے، جب پارلیمنٹ اپنا کام نہیں کرے گی تو پھر وہی کچھ ہوگا جو سب لوگ دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کے حلف نامے میں تبدیلی کے ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی تھی لیکن اس کمیٹی کے رکن وزیر داخلہ احسن اقبال کی امریکہ روانگی کے باعث تحقیقات میں پیشرفت نہیں ہوسکی۔