نئی دہلی : (ملت ٹائمز؍عامر ظفر)
آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمدولی رحمانی نے نئی حج پالیسی کے سلسلے میں صاف موقف اختیار کرتے ہوئے کہاہے کہ بغیر محرم کے حج پر جانا شریعت کے خلاف نہیں ہے جو لوگ اسے خلاف شریعت بتارہے ہیں ،اخبارات اور ٹی وی چینلوں پر جاکر بیان بازی کررہے ہیں وہ ناواقفیت کی بنیاد پر کررہے ہیں۔
روزنامہ انقلاب میں شائع رپوٹ کے مطابق مولانا لی رحمانی نے کہاہے کہ یہ ایک فقہی مسئلہ ہے ،کمیٹی کی سفارشات میں واضح کردیاگیاہے کہ جن کا مسلک اجازت دیتاہے ،نیز چار خواتین کا گروپ ہے اور 45 عمر کی قید بھی ہے ،اس لئے اسے بالکل بھی خلاف شریعت نہیں جاسکتاہے ،اگر کوئی خاتو حج پر جاناچاہتی ہے اور اس کے پاس محرم نہیں ہے تو کچھ فقہاءکے نزدیک انہیں بغیر محرم کے جانے کی اجازت ملتی ہے اور کمیٹی کی سفارشات میں بھی یہی کہاگیاہے ۔
واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے ترجمان مولانا محمد سجاد نعمانی کے حوالے وہاٹس ایپ پر یہ بیان گردش کررہاہے کہ یہ خلاف شریعت ہے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بور ڈ اسے قطعی برداشت نہیں گرے گا البتہ روزنامہ خبریں کے حوالے ان کا دوسرا موقف یہ سامنے آیاہے کہ یہ سوفیصد خلاف شریعت نہیں ہے ،دوسری جانب دارالعلوم دیوبند کا یہ مانناہے کہ نئی حج پالیسی میں بغیر محرم کے حج پر جانے والی بات خلاف شریعت ہے ۔





