بہار : تھوک چاٹنے پر مجبور کرنے والے یادو واد کا ایک قابلِ نفریں انتقام

پٹنہ : ( ملت ٹائمز؍ایجینسیاں) بہار کے نالندہ ضلع میں ذات پات کی تفریق کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں اونچی ذات والوں نے ایک 54 سالہ شخص کو اپنا ہی تھوک چاٹنے پر مجبور کردیا اور خواتین نے اسے چپلوں سے زدوکوب کیا ۔ نالندہ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مہیش ٹھاکر بدھ کو تمباکو کیلئے سریندر یادو کے گھر گیا۔ لیکن اس وقت مرد ارکان خاندان موجود نہیں تھے ۔ چنانچہ وہ گھرمیں داخل ہوگیا لیکن اسے اپنی بے عزتی محسوس کرتے ہوئے پنچایت طلب کی گئی اور اسے یہ سزا سنائی گئی کہ وہ خود اپنا ہی تھوک چاٹے ۔ خواتین نے چپلوں سے اسے زدوکوب بھی کیا ۔ مہیش ٹھاکر کا تعلق نائی فرقہ سے اور گاؤں میں اس کی حجامت کی دوکان ہے ۔ دوسری طرف سریندر یادو کا تعلق بااثر طبقہ سے ہے وہ اعلیٰ ذات سے ہے ۔ میڈیا میں یہ اطلاع تیزی سے پھیل گئی ہے اور حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے کی اندرون دو یوم رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔