بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کی میٹنگ میں ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے کئی اہم تجاویز پاس ، 26 نئی کمیٹیوں کودی گئی منظوری

پٹنہ (ملت ٹائمزنورالسلام ندوی)
بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کی میٹنگ دفتر واقع حج بھون میں منعقد ہوئی ، جس میں وقف بورڈ کے کاموں کا جائزہ لیا گیا اور وقف بورڈ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے کئی اہم تجویز پاس ہوئی ۔میٹنگ میں 26 نئی کمیٹیوں کو منظوری دی گئی ، دو وقف اسٹیٹ کے متولی کی درخواست کو بھی منظوری دی گئی ،وقف بورڈ کے تحت چلائے جا رہے مختلف ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا ،ممبران نے بورڈ کے کاموںپر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ وقف املاک قوم و ملت کا سرمایہ ہے ، اس کی حفاظت و بقا کے لئے کام کرنا نہ صرف ہماری انتظامی ذمہ داری ہے بلکہ یہ دینی اور ملی خدمت بھی ہے ۔میٹنگ بورڈ کے چیرمین محمد ارشاد اللہ کی صدارت میں منعقد ہوئی ، جبکہ ممبران میں مولانا سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی سجادہ نشیں خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ ، پٹنہ سیٹی ، مولانا سیف الدین فردوسی سجادہ نشیں خانقاہ معظم بہار شریف ، نالندہ ،جناب سید اللہ ایڈوکیٹ ، اور نوشاد احمد چیف ایکزیکیوٹیو آفیسر ، بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ نے شرکت کی ۔ منعقدہ میٹنگ میں یہ تجویز اتفاق رائے سے پاس ہوئی کہ وقف اسٹیٹ نمبر 482 کوتوالی مسجد پٹنہ کی توسیع کی جائے،اسی طرح وقف بورڈ کے تحت ڈائرکٹ کنٹرول وقف اسٹیٹس سے متعلق یہ تجویز پاس ہوئی کہ ڈائرکٹ وقف اسٹیٹس کی باضابطہ انتظامیہ کمیٹی بنائی جائے اور انتظامیہ کمیٹی کی دیکھ ریکھ اور زیر انتظام سارا کام کاج ہو تاکہ وقف بورڈ پر جو اضافی بوجھ ہے وہ بھی ہلکا ہو اور کام تیزی کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔وقف اسٹیٹ نمبر 626 مدرسہ اسلامیہ اورنگ آباد کے مارکیٹ کے مرمتی کام کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی، مجموعی اعتبار سے 42 ایجنڈوں کو غور خوض کے بعد منظوری دی گئی۔ اس موقع پر محمد ارشاد اللہ چیرمین وقف بورڈ نے کہا کہ وقف املاک کی بازیابی کی سمت مسلسل ہماری کوشش جاری ہے ، وقف کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے والوںاور خرد برد کرنے والوں کے خلاف ہم قانونی جدوجہد کر رہے ہیں۔