دیوبند، نئی دہلی: (ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
سماجی کارکن عارفہ خان حیدر نے ہندوستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کے استحصال پر اپنی فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج جب کہ عالمی طور پر خواتین کو مساوات اور مردوں کی برابری کا دعویدار سمجھا جارہا ہے، ان کے حقوق کے لئے اجلاس منعقد ہورہے ہیں وہیں علم مساوات کے علمبردار ہی ان کی عصمت تار تار کرنے پر تلے ہیں۔ انہوں نے پریس کو جاری اپنے بیان میں کہاکہ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں ہر طرف خواتین کے استحصال کی خبریں سننے کو ملتی ہیں ، ہمارے ملک میں تو اور زیادہ خواتین کا استحصال کیا جارہا ہے جب کہ یہ ہندوستانی عورتیں ہی تھیں جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا تھا، جیسے رضیہ سلطانہ، اندرا گاندھی، بیگم ممتاز محل اور جھانسی کی رانی وغیرہ ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج اپنی بیٹیوں کو ان جیسا نہیں بناسکتے ہمیں آنے والی نسلوں کے لئے آج سے ہی فکر کرنی ہوگی اور اس کی ابتدا ہم جتنی جلدی کریں گے اتنا بہتر ہوگا ، پھر سے ہمارے ملک میں خواتین عزت کی زندگی گزار سکیں گی ۔ عارفہ حیدر نے کہا کہ ضرورت ہے کہ آج کی ماﺅں کو بیدار کرنے کی انہیں جھنجھوڑنے کی گھر کے ساتھ خواتین دنیاوی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں پھر وہ دن دور نہیں جب دنیا خود بخود خواتین کی عزت کرنے کے لئے مجبور ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر اور گاﺅں محلے میں ایک اندرا گاندھی جیسی ہستی موجود ہوں، خواتین آگے آئیں اور اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو اپنے مسائل خود ہی حل کرنے ہوں گے تب کہیں جاکر ہم خود کامیاب تصور کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہمیشہ ہی مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے خواتین کو جو حقوق ادا کئے ہیں وہ ان کو دیئے جائیں تاکہ وہ اپنے مستقبل کو تابناک بناسکیں۔





