مغربی تہذیب کی چمک سے نوجوان نسل کوبچایا جائے: مولانا زین العابدین قاسمی دیوبند

(ملت ٹائمزسمیر چودھری)

مہاراشٹر کے معروف عالم دین مولانا زین العابدین کی آمد کے موقع پر بندو گڈھ نانوتہ میں واقع جامع مسجدمیں ایک اصلاجی پروگرام کاانعقاد کیاگیا۔ جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرادارہ خدمت خلق مہاراشٹر کے صدرمولانا زین العابدین قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران معاشرہ سے رسومات و بدعات کے خاتمہ کے لئے دینی تعلیم کے فروغ پرزور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوان ملت کا سرمایہ ہے اور ان کا بہتر مستقبل ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مغربی تہذیب کی چمک دھمک کی زد میں آکر ہماری نسلیں تباہی کی جانب جارہی ہے اسلئے ہم سب کا فرض ہے کہ دینی تعلیمات کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان آج کن کن حالات سے دوچار ہیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں بلکہ اس پر غور کرنے کا وقت ہے کہ یہ حالات کیوں پیدا ہوئے۔ موصوف نے فرمایا کہ قرآن میں واضح انداز میں بیان کیاگیاہے کہ آنے والے تمام مصائب تمہارے ہاتھوں کی کمائی ہے، ان سب حالات کے لئے مسلمان خود ذمہ دار ہیںاسلئے ہمیں اپنے اندر تبدیلی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے معاشرہ میں پھیل رہے بگاڑ پر روشنی ڈالی اور کہاکہ آج معاشرہ میں اس قسم کی برائیوں عام ہوچکی ہیں جن پر سخت وعیدیں آئی ہیں،آج بھی زمانہ جاہلیت کی تمام رسومات کو نئی نئی شکلوں میں فروغ دیاجارہاہے،ایسے نازک حالات میں دینی تعلیم کی فضا بنانے کی سخت ضرورت ہے،جہالت کاخاتمہ کا واحد روشنی تعلیم ہے۔ انہوںنے حاضرین مجلس سے اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی رغبت دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ شاہد ہے دنیا میںجس قوم نے ترقی کی اس نے زیور تعلیم سے خود کو آراستہ کیا ۔مولانا ذوالفان مظاہری نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ اگر ہماری زندگی کابیش قیمتی سرمایہ تعلیم پر صرف ہوگیا اور نونہالان امت علم و عمل سے بہرہ ور ہوگئے تواس سے بہتر ہمارے لئے کچھ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے معاشرہ میں پھیل رہی رسومات کو ختم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے دینی مزاج پیدا کرنے پر زور دیا۔ اس دوران مولانا حسین مظاہری،مولانا طیب قمری،مولانا زکریانیتاجی،اشفاق ،حاجی اویس وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔