اقرا اسٹڈی سینٹر کی شاندار سالانہ تقریب،اسلامی فن نمائش توجہ کا مرکز
متھرا ،یوپی (ملت ٹائمز)
اقرا اسٹڈی سینٹر متھرا برانچ کی سالانہ تقریب کا شاندار انعقاد اسلامیہ انٹرکالج متھرا میں کیا گیا ۔سینٹر کے طلبہ و طالبات نے جہاں مختلف عناوین پراپنی شاندار کارکردگیوں کا مظاہرہ کیا وہیں سینٹر کے طلبہ کے ہاتھوں تیار کی گئی اسلامی فن نمائش ناظرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی ۔اس موقع پراقراءاسٹڈی سینٹر کی جانب سے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کوایوارڈ دیا گیا ۔ اس موقع پر مولانا شکیل احمد سنابلی نے جلسہ عام کو کلیدی خطاب کرتے ہوئے محشر کے حالات و کوائف اور حشر کے سوالات کو تفصیل سے بیان کیا ۔ اس شاندار تقریب میں حراءسوشل اینڈ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے متھرا شہر میں اردو کی مجموعی کی خدمات کیلئے پروفیسرزیڈ حسن کو ایوارڈ برائے فروغ اردو ،اور مہمان خصوصی التبیان کے ایڈیٹر مولانا شکیل احمد سنابلی کو مجموعی علمی خدمات کیلئے ایوارڈبرائے علمی خدمات سے سرفراز کیا گیا ۔جبکہ اقراءاسٹڈی سینٹر کی جانب سے واٹس ایپ پر رمضان میں منعقد کل ہند اسلامی کوئز مقابلہ کے فاتحین اور سینٹر کے طلبہ و طالبات کو ایواڈ و اسناد تقسیم کی گئی ،کل ہندکویز مقابلہ میں،شیث متھرا،عبد الرقیب جھارکھنڈ،عبد العظیم متھرا نے باترتیب اول دوم سوم پوزیشن حاصل کی ۔ اس موقع پر سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا عمران سنابلی نے سینٹر کے مقاصد پر روشنی ڈالی،عمران سنابلی نے کہا کہ اسلام حلال کمائی کی ترغیب دیتا ہے اسلئے وقت کے تقاضے کے مطابق کاروبار اور تجارت کو اپنانا چاہئے۔اسلام نے بزنس کے حوالے سے نہایت اعلی اسلامی تصور پیش کیا ہے ۔پروفیسر زیڈ حسن نے سینٹر کے ذمہ داران ،بالخصو ص ڈائریکٹر محمد عمران سنابلی اور سفیان سیف سنابلی کا متھرا شہر میں علم کی معیار بلند کرنے پر بالخصو ص شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ بچوں کے ذریعہ تیار کی گئی اسلامی فن نمائش میں تاریخ اسلام ،شعار اسلام ،اور محاسن اسلام کا جو خوبصورت منظر پیش کیا ہے اس کی نظیر ملنا مشکل ہے ۔ حاجی اوصاف نے اپنے تاثرات میں عوام سے اپیل کی کہ وہ سینٹر کی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے بچوں کا ایڈمشن کرائیں ۔ اس موقع پر پروفیسر محمد علی اور ڈاکٹر سعید اعظمی ،حاجی اوصاف ،مولانا عبدالمجید میوات ،صابر قاسمی محمد عرفان موجود رہے۔ اس کے علاوہ شاکر کلاسک والے،نبیل بھائی شیشہ والے ، شیث بھائی ایل برٹ والے ،طلبہ کے سرپرست ،شہر کی خواتین سمیت کثیر تعداد میں متھرا کے معزز لوگوں نے شرکت کی ۔پروگرام کی نظامت سفیان سیف نے انجام دی ۔
واضح رہے کہ اقرا اسٹڈی سینٹر شہر تین سالہ مختصر اسلامی کورس ڈیزائن کیا گیا ہے ۔جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں ۔