اسلام آباد(ایجنسیاں)
یورپین پارلیمنٹ میں روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر 12 دسمبر کو خصوصی بحث کی جائے گی۔پاکستانی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق یورپین پارلیمنٹ میں بحث کیلئے دن مقرر کرنے کی تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے علاقے یارک شائر اور ہیمبر سے پاکستانی نڑاد رکن یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر نے پارلیمنٹ کے لکسمبرگ میں ہونے والے اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کےلئے صدر انتو نیو تاجانی سے درخواست کی تھی۔
درخواست کا مقصد یورپین یونین، اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی مدد سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ممکن بناناتھا، امجد بشیر کی در خواست پر انہیں پارلیمنٹ کے صدر کے دفتر کی جانب سے باقاعدہ طور پر مطلع کیا گیا ہے کہ 12 دسمبر کو اس مسئلے پر خصوصی بحث کی جائیگی۔
امجد بشیر نے اس اطلاع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتونیو تاجانی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بنگلہ دیش کے دورے میں روہنگیا مسلمانوں کی جو حالت زار دیکھی ہے اور جسے برطانوی وزیر اعظم نے بھی انتہائی غیر انسانی قرار دیا ہے، اس نے مجھے پریشان کر دیا ہے ،اس لئے ضروری ہے کہ بین الاقوامی دنیا اس پر مزید اقدامات اٹھائے۔