الفلاح یونیورسیٹی میں زیرتعلیم طلبہ شعبہ بی ایڈکے طلبہ نے علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کا دورہ کیا

نئی دہلی (پریس ریلیز)
اللہ تعالیٰ نے انسان کو سفر کی ترغیب اس لئے دی ہے کہ وہ روئے زمین پر گھوم پھر کر اللہ کی نعمتوں کو چشمہ بینا سے دیکھے اور ان پر شکریہ ادا کرے ، اچھائیوں کو اپنا ئے اور برائیوں سے بچنے کی کوشش کرے۔ ان مقاصد کے تحت شعبہ بی ایڈ الفلا یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات پر مشتمل ایک ایجوکیشنل ٹور ہندوستان کی ایک عظیم اور تاریخی عصری درسگاہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی سیر کرنے کے بعد واپس آیا۔ طلبا کا یہ ایجوکیشنل ٹور سر سید کی لگائے ہوئے اس حسین گلستاں کو دیکھنے گیا تھا جس کی تہذیب و ثقافت ، اس دور کی تعمیرات ، تاریخی مقامات اور نادر مخطوطات جو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اس ٹور میں طلبا نے اپنے اسباق سے متعلق شعبہ بی ایڈ کا معائنہ بھی کیا اور دیگر معلومات حاصل کیں اور طلبا و اساتذہ کرام سے ملاقات اور لائبریری سے استفادہ کیا۔ الفلاح کے طلبا مسلسل اس بات کے لئے کوشاں تھے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخی پس منظر اور اس کی عظمت کے تحت دورہ کیا جائے ، اس موقع پر طلبا نے اپنے تجربات سفر بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس ایجوکیشنل ٹور سے ہمیں بہت زیادہ فائدہ حاصل ہوا ، بہت سے ایسے مقامات جن کے بارے میں ہم لوگوں نے سن رکھا تھا اور جنہیں دیکھنے کی تمنا تھی، الحمدللہ اس سفر سے ہماری خواہش کی تکمیل ہوئی۔ اس ٹور میں شامل طلبہ و طالبات میں عارف اقبال ، آصف اعظمی ، دانش اقبال ، نعیمہ ، سعدیہ خاتون ، اشفاق احمد ، دلکشاں ، ثنا اور شبانہ ملک کے نام شامل ہیں۔