ریاض۔27دسمبر(ایجنسیاں ملت ٹائمز)
ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں القدس کی حیثیت اور اہمیت پر زور دیا گیا اور فلسطینیوں کے حقوق کی پاسداری کے لیے پورے عالمِ اسلام سے اس بارے میں اتحاد اور یک جہتی قائم رکھنے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد سے بیت المقدس کی حیثیت کو دنیا سے منوانے پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخ سے چلے آنے والے گہہرے تعلقات اور خلیجی ممالک میں سے سعودی عرب کے ساتھ ترکی کے تعلقات کی اہمیت کا اجاگر کیا گیا۔دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوا۔ وزیر اعظم بن علی یلدرم کے بعد میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادے اور وزیر دفاع محمد بن سلمان سے ملاقات کی توقع کی جا رہی ہے۔