شاہ سلمان کے ہاتھوں سعودی عرب کے 32 ویں قومی میلے ”جنادریہ“ کا افتتاح

ریاض۔9فروری(ایجنسیاں)
خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ریاض کے مضافات میں منعقد کئے جانے والے 32 ویں قومی ثقافتی میلے ” جنادریہ ” کا افتتاح کیا۔ یہ سالانہ قومی میلہ 3 ہفتے جاری رہے گا۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قومی ثقافتی میلہ نیشنل گارڈ کے زیر انتظام منعقد کیا گیا ہے اور اس میلے کا مقصد سعودی تاریخ اور ورثے کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے۔اس سال اس میلے میں مہمان خصوصی کا درجہ بھارت کو حاصل ہے۔ اس سے قبل مہمان خصوصی میں ترکی، روس، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، چین اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر نیشنل گارڈ کے وزیر اورثقافتی میلے کے نگران اعلی شہزادہ خالد بن عبدالعزیز بن عیاف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نیشنل گارڈ کے نائب وزیر او ر جنادریہ میلے کے انتظامی کمیٹی کے نائب نگران عبدالمحسن بن عبدالعزیز التویجری کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح، سلطنت عمان کے نائب وزیر اعظم برائے بین الاقوامی تعلقات سید اسعد بن طارق آل سعید، بحرین نیشنل گارڈ کے سربراہ جنرل محمد بن عیسی آل خلیفہ کے علاوہ دیگر مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں سعودی عرب کے 32 ویں سالانہ میلے میں خوش آمدید کہا۔
روایتی وثقافتی میلے کی تقریب اونٹوں کی دوڑ سے شروع ہوئی جس کے بعد مختلف روایتی پروگرام پیش کئے گئے۔ اونٹوں کی روایتی دوڑ میں پہلی 5 پوزیشن حاصل کرنے والوں کو خادم حرمین شریفین نے انعامات سے نوازا۔