اتحاد ملت کیلئے ملی کونسل کی خدمات ناقابل فراموش۔ تحفظ مسلمین کیلئے قاضی مجاہد الاسلام قاسمی نے اس ادارے کی بنیاد رکھی تھی: مولانا معاذ رشادی

میسور: 24؍فروری (ملت ٹائمز )
مسلکی اختلافات کے خاتمہ اور مسلمانوں کے درمیان آپسی اتحاد کے فروغ آل انڈیا ملی کونسل کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتی ہے۔ یہاں تمام مسلک کے علما اور مسلمانوں کے تمام طبقات کی نمائندگی ہے۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مولانا معاذ رشادی مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور نے کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی نے کہا تھا کہ کملی طیبہ کی بنیاد تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے آل انڈیا ملی کونسل کا قیام عمل میں آیا ہے ۔لاالہ الا اللہ محمد الرسول اللہ کا کلمہ پڑھنے والے ہر مسلمان کیلئے یہاں کا دروازہ کھلا ہے ۔ مولانا معاذ رشادی نے مزید کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ہندوستانی مسلمانوں کا مشترکہ ادارہ تحفظ شریعت کے لئے ہے جبکہ آل انڈیا ملی کونسل ہندوستانی مسلمانوں کی مشترکہ تنظیم تحفظ مسلمین کے لیے ہے۔ قاضی صاحب نے کہا تھا کہ تحفظ شریعت کے ساتھ تحفظ مسلمین کی فکر کرنا بھی ضروری ہے ۔

واضح رہے کہ آل انڈیا ملی کونسل کا 19واں اجلاس عام ملک کے معروف شہر میسور میں 22 تا 25 فروری 2018 منعقد ہو رہا ہے ۔اس موقع پر آل انڈیا ملی کونسل کے 25 سال مکمل ہونے پر ذمہ داران و اراکین جشن سیمیں بھی منارہے ہیں ۔