ممبئی: 10؍اپریل: (پریس ریلیز)11؍اپریل کو عالمی میمن ڈے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی جانب سے فیڈریشن کے گرائونڈ بیگ محمد پارک ، ناخدا محلہ، محمد علی روڈ پرکل صبح11؍بجے پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شہر کی مشہورومعروف شخصیات اور سیاسی رہنما شرکت فرما رہے ہیں۔ میمن ڈے کی اہمیت وافادیت اس لیے بھی بہت زیادہ ہے کہ میمن ڈے کو قومی خدمات کے نام سے منسوب کیاجاتا ہے۔ میمن ڈے کے پر مسرت موقع پر دنیا بھر کی تمام میمن جماعتوں اور میمن فلاحی ادارے اجتماعی طور پر اور انفرادی طور پر سماجی خدمات انجام دیتے ہیں۔ کہیں غریبوں میں کھانا تقسیم کیا جاتا ہے اورکہیں اسپتالوں میں مریضوں کو پھل تقسیم کیا جاتا ہے۔ کہیں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیاجاتا ہے ، کہیں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیاجاتا ہے ، تو کہیں اسکولی بچوں میں کاپیاں اور یونیفارم تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اس میمن ڈے پر خصوصی طور پر میمنوں کی جانب سے ترکی کے رفیوجی کیمپ میں شام کے مظلومین کے لیے کنٹینروں کی تعداد سے کثیر تعداد میں امداد روانہ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ میمن ڈے ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، جاپان، امریکہ، سری لنکا، سعودی عربیہ، دبئی، بحرین، کویت، ایران، مشرقی افریقہ، مغربی افریقہ سمیت دیگر ممالک میں بھی منایا جارہا ہے جہاں میمن آبادی موجود ہے۔