اترپردیش میں بی جے پی حکومت قائم ہونےکے بعد سے ہی بھگوا رنگ میں عمارتیں، بسوں اور ٹوائلٹ کو رنگنے کےبعد اب ٹول پلازہ بھی بھگوہ رنگ میں رنگے جا رہے ہیں۔ مظفر نگر- سہارنپور ہائی وے پر واقع فور لین ٹول پلازہ کو اب بھگوہ رنگ سے رنگا گیا ہے۔ تاہم ابھی یہ ٹول پلازہ محض ٹرائل کے لئے کھولا گیا ہے۔ اسے بھی ریاستی حکومت کی جانب سے تھری نوٹیفیکیشن کا انتظار ہے۔ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اسے لوگوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
مذکورہ معاملہ میں ٹول پلازہ کے سینئر مینجر اتیندر سنگھ کا بھی کہنا ہےکہ ٹول پلازہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن کا انتظار ہے۔ اجازت ملنے کے بعد اسے فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔ وہیں دوسری جانب بھگوا رنگ کے معاملہ میں ان کا کہنا ہے کہ ہے یہ آرکیٹیکٹ کا ڈیزائن ہے۔ اس میں کچھ الگ سے نہیں کیا گیا ہے۔ ٹول پلازہ کا رنگ بھی اس کی ڈیزائن کا ہی حصہ ہے۔
قابل غور ہے کہ یو پی میں یوگی آدیتہ ناتھ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد سب کچھ بگوا رنگ سے پینٹ کیا جانے لگا ہے۔ یوگی خود بھی بھگوا رنگ کا لباس پہنتے ہیں۔ یہی نہیں جہاں وہ بیٹھتے ہیں وہاں بھگوا پھول سجائے جاتے ہیں۔ میز پر ان کی نیم پلیٹ بھگوا ہوتی ہے۔ یہی نہیں وہ جس مائک میں بولتے ہیں وہ بھی بھگوا ہی ہوتا ہے۔ واضح ہو کہ ان کی بھگوا پسند کے مد نظر افسران نے 100 پرائمری اسکولوں کو بھی بھگوا رنگ میں رنگوا دیئے ۔
(بشکریہ اردو نیوز 18)





