ٹیکساس : امریکی ریاست ٹیکساس میں ہسپتال کے زیر تعمیر حصے میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے گیٹس ویل میں کوریل میموریل ہیلتھ کیئر سسٹم کے زیرتعمیر حصے میں دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں بیشتر مزدور ہیں، جو سائٹ پر کام میں مصروف تھے۔ زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کہ واقعہ کے بعد ہسپتال کو بند کردیا گیا جبکہ زیرعلاج مریضوں کو علاقے کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ حکام نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ دھماکا ممکنہ طور پر جنریٹر پھٹنے کے باعث ہوا، جس کے بعد علاقے کے بیشتر حصے کی بجلی بھی منقطع ہوگئی۔