سعودی عرب : معروف مذہبی مبلغ سفر الحوالی تین بیٹوں سمیت گرفتار ، شاہی کنبہ کو بنایا تھا تنقید کا نشانہ

جدہ: معروف مبلغ سفر الحوالی اور ان کے تین بیٹوں کو سعودی عرب میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مقیم حقوق انسانی کے سعودی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایسے وقت کی گئی ہیں جب سفر الحوالی نے ایک کتاب شائع کی ہے ، جس میں سعودی عرب کے شاہی خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں نہیں بتایا ہے ۔غور طلب ہے کہ سفر الحوالی اس سے پہلے 1990 میں بھی اس وقت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا جب الحوالی نے نے کویت میں عراقی فوج کو نکالنے کیلئے سعودی عرب میں امریکی فوجیوں کی آمد کی مخالفت کی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ حالیہ گرفتاریاں ملک میں حقوق انسانی کے کارکنوں، مذہبی رہنماؤں اور دیگر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی ختم ہونے سے چند ہفتے قبل بھی سعودی حکام نے حقوق خواتین کے لیے سرگرم کئی خواتین کو گرفتار کرلیا تھا۔

(بشکریہ نیوز اردو 18)